رتلام،29؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سابق مرکزی وزیر اور لوک تانترک جنتادل کے سرپرست شردیادو نے آج دعوی کیاکہ آئندہ لوک سبھا انتخاب میں موجودہ حکومت کے خلاف عظیم اتحاد بنے گا اور یہ اتحاد وزیراعظم کے عہدے کے لیے بغیر کسی چہرے کے میدان میں اترے گا۔مسٹر یادو نے مدھیہ پردیش کے رتلام ضلع میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مرکزی حکومت نشانہ بنایا۔انھوں نے کہاکہ ملک میں مشکل حالات ہیں۔موجودہ حکومت نے 2014میں عوام سے جو وعدے کئے تھے ،انھیں پورا نہیں کیاہے۔حکومت کو سڑک ،پانی ،بجلی اور روزگار جیسے مسائل پر توجہ دینی چاہئے ،جو نہیں دی جارہی ہے۔انھوں نے حکومت پر تاریخ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا الزام بھی لگایا۔مسٹر یادو نے 2019میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے تعلق سے کہاکہ یہ انتخاب کسان ،روزگار ،رافیل جیسے موضوعات پر لڑاجائیگا۔وہیں عظیم اتحاد کے تعلق سے مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں کانگریس اور بہوجن سماج پارٹی کے مابین اتحاد نہ ہونے کے سوال پر انھوں نے کہاکہ ریاستوں کی صورتحال الگ ہوتی ہے۔حالانکہ انھوں نے دعوی کیا کہ عظیم اتحاد ہوگا اور وزیراعظم کے عہدے کے چہرے کو سامنے رکھے بغیر لڑا جائیگا۔انھوں نے واضح طورپر کہاکہ انتخابات کے بعد چہرہ طے ہوگا۔